ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہندستانی آئین میں دےئے گئے بنیادی حقوق جموں وکشمیر کے لوگوں کوبھی ملنے چاہئیں:بھیم سنگھ

ہندستانی آئین میں دےئے گئے بنیادی حقوق جموں وکشمیر کے لوگوں کوبھی ملنے چاہئیں:بھیم سنگھ

Thu, 20 Jul 2017 11:58:51    S.O. News Service

جموں، 19؍جولائی(ایس ا نیوز؍آئی این ایس انڈیا )نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر بھیم سنگھ نے ہندستان کے وزیراعظم نریندرمودی کو تحریر کردہ ایک خط میں ان سے درخواست کی ہے کہ جموں وکشمیر میں سرگرم تمام سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کی میٹنگ بلائی جائے ۔انہوں نے کہاکہ اس میٹنگ میں حریت کانفرنس کو نمائندوں کو بھی بغیر کسی شرط مدعو کیا جائے جس سے جموں وکشمیر کی تمام تسلیم شدہ سیاسی جماعتیں ،موجودہ صورتحال میں جب جموں وکشمیر میں بچے اسکول نہیں جاپارہے ہیں، کاروبار ٹھپ ہیں، عوام خود کو غیرمحفوظ محسوس کررہے ہیں اور جموں وکشمیر کے سرحدی علاقوں میں حکومت ناکام ہوچکی ہے، مسائل کا حل تلاش کرسکیں۔خط میں وزیراعظم سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ نئی دہلی میں عوامی رائے لینے کے لئے میٹنگ طلب کریں کہ جموں وکشمیر کو پڑوسی پاکستان کی طرف سے ہونے والی تباہی اور اموات سے بچانے کے لئے حکومت کو کیا اقدامات کرنے چاہئیں۔انہوں نے وزیراعظم سے خط میں یہ بھی کہا کہ کنٹرول لائن کے دونوں طرف کے سیاسی اور سماجی نمائندوں کے مذاکرات ’ہارٹ ٹو ہارٹ ٹالکس‘ کرانے کے لئے2005میں قائم کی گئی کوآرڈی نیشن کمیٹی کو، جس نے 2005اور پھر دوبارہ 2007میں ہارٹ ٹو ہارٹ ٹالکس کا اہتمام کیا تھا جن میں جموں وکشمیر کے قانون ساز، سیاسی نمائندے اور سماجی گروپ شامل ہوئے تھے اورپاک مقبوضہ کشمیر،گلگت۔بلتستان کے اور دیگر سماجی گروپوں سے بات چیت کی تھی ، پھر سے ہارٹ ٹو ہارٹ ٹالکس کا اہتمام کرنے کی اجازت دی جائے جس سے سرحد کے دونوں طرف کے معروف سماجی اور سیاسی نمائندے اس میں شامل ہوکر کنٹرول لائن وغیرہ مسائل کاحل تلاش کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ جنگ کسی بھی مسئلہ کا حل نہیں ہوسکتی بات چیت سے مسائل کوحل کیاجاسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ میں اکتوبر،2017کونئی دہلی میں ان مذاکرات کا اہتمام کرنا چاہوں گا۔انہوں نے وزیراعظم سے کہا کہ وہ صدرجمہوریہ سے درخواست کریں کہ وہ جموں وکشمیر کے گورنر کو مشورہ دیں کہ وہ جموں وکشمیرکے لوگوں کے مفاد میں وہاں گورنرراج لگا دیں۔انہوں نے کہاکہ موجودہ اسمبلی کو بلاتاخیر تحلیل کردیا جانا چاہئے جس کاجموں وکشمیرآئین کے سیکشن53 کے تحت گورنرکواختیارحاصل ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندستان کے تما م شہریوں کی طرح جموں وکشمیرکے ہندستانی شہریوں کوبھی تمام بنیادی حقوق ملنے چاہئیں جس کی ضمانت ہندستان کے آئین میں دی گئی ہے۔


Share: